ممبئی،30جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وندے ماترم پر چل رہے تنازعہ کے درمیان مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ وندے ماترم گانا اپنی پسند کی بات ہے اور جو لوگ اسے گانے سے انکار کر رہے ہیں، انہیں غدار نہیں قرار دیا جا سکتا،اگرچہ نقوی نے وندے ماترم کی مخالفت کرنے کو غیر مناسب ٹھہرایا۔پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)نقوی نے کہاکہ یہ کسی شخص کی پسند کے اوپر منحصر ہے کہ وہ وندے ماترم گانا چاہتا ہے یا نہیں لیکن وندے ماترم کی مخالفت کرنے کو بھی محب وطن نہیں کہا جا سکتا ہے، اگر کوئی شخص وندے ماترم نہیں گاتا ہے تو ہم اسے غدار یا ملک مخالف قرار نہیں دے سکتے،یہ ایک شخص کی آزادی ہے کہ وہ وندے ماترم کو گانے یا نہ گانے کا فیصلہ کرے لیکن اگر کوئی جان بوجھ کر وندے ماترم کی مخالفت کر رہا ہے تو اس ذہنیت کو بھی صحیح نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے۔مہاراشٹر اسمبلی میں جمعہ کو وندے ماترم گانے کو لے کر تنازعہ ہو گیا تھا۔یہاں بی جے پی ممبران اسمبلی نے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو اعظمی کی زور دار مخالفت کی، کیونکہ وہ ریاست کے اسکولوں اور کالجوں میں وندے ماترم کے گانے کو ضروری بنانے کی مانگ کی مخالفت کر رہے تھے۔